اسلام آباد (نیوزڈیسک)وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اربوں ڈالر تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ کا سنگ بنیاد اگلے ماہ رکھا جائے گا، پاکستان اس وقت چین کے تعاون سے گوادر۔نواب شاہ پائپ لائن، تاپی گیس پائپ لائن اور نارتھ ساﺅتھ پائپ لائن تین اہم منصوبوں کی ترقی پر کام کر رہا ہے۔ وہ اتوار کو چائنا نیشنل پٹرولیم کارپوریشن کے وفد سے گفتگو کررہے تھے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ گوادر۔نواب شاہ پائپ لائن منصوبہ چین جبکہ نارتھ ساﺅتھ پائپ لائن منصوبہ کی تعمیر کیلئے روس کے ساتھ معاہدہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک میں توانائی کی قلت پر قابو پانے کیلئے کثیرالجہتی سٹریٹجی مرتب کی ہے، موجودہ حکومت نے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات دینے کی پیشکش کی ہے۔ پاکستان میں توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔