اسلام آباد (نیوز ڈیسک) یوفون نے اپنے صارفین کو جدید سہولیات فراہم کرنے کی اپنی روایت کو جاری رکھتے ہوئے ٹیلی کام کی صنعت میں پہلی بار ویڈیو پیغام بھیجنے کی سہولت متعارف کرانے کا اعلان کردیا ہے۔ ویڈیو میسجنگ کی سہولت میں سب سے زیادہ پرکشش بات یہ ہے کہ میسج بھیجنے کے لئے کسی ڈیٹا کی ضرورت نہیں۔ اس کے علاوہ یہ سہولت تمام نیٹ ورکس پر ہر طرح کے اسمارٹ فون پر دستیاب ہوگی ۔ اس سروس کو استعمال کرنے کے لئے صارف کو 440 ڈائل کرنا ہوگا تاکہ وہ میسج بنڈل کا انتخاب کرے اور ویڈیو پیغام ریکارڈ کرنے اور بھیجنے کے لئے آئی وی وی آر کی ہدایات پر عمل کرے ۔ صارف بیک وقت ایک یا متعدد افراد کو ویڈیو پیغام بھیج سکتا ہے۔ اس نئی سہولت کے بارے میں یوفون کے وی اے ایس کے ہیڈ سید شرجیل بن حسان نے بتایا،” ہم ہمیشہ کوشش کرتے ہیں کہ اپنے صارفین کو کم قیمتوں پر بہترین اور جدید ترین سہولیات اور خدمات فراہم کریں۔ صارفین اب روایتی ٹیکسٹ پیغام کے علاوہ ہر طرح کے جذبات کو ویڈیو پیغام کے ذریعے بھی بھیج سکیں گے ۔ان ویڈیو پیغام کے پری پیڈ بنڈل کی قیمتیں کچھ اس طرح سے ہیں۔ ایک ویڈیو پیغام کی لاگت 99 پیسے جمع ٹیکس ہے جبکہ 10 ویڈیو پیغامات کی لاگت چار روپے 99 پیسے جمع ٹیکس ہے ۔ 30 ویڈیو پیغامات 19 روپے 99 پیسے جمع ٹیکس جبکہ 49 روپے 99 پیسے جمع ٹیکس کے ذریعے 70 ویڈیو پیغامات بھیجے جاسکتے ہیں۔ پوسٹ پیڈ بنڈلز میں 49 روپے 99 پیسے جمع ٹیکس میں 135 آئی وی آر (IVR) منٹس دستیاب ہیں۔