اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وائس چیئرمین پیاف وسینئر وائس چیئرمین فیروز پور انڈسٹریل ایسوسی ایشن خواجہ شاہ زیب اکرم نے کہا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر وفاقی حکومت کی جانب سے 17جولائی سے 21 جولائی تک 5یوم تک چھٹیوں کے فیصلہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے موقع پر5چھٹیوں سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونگی۔5یوم تک بنک اور دفاتر بند رہنے سے پاکستان کا بیرونی دنیا سے کاروباری رابطہ منقطع رہے گا جس سے ملک کو اربوں روپے کا نقصان ہوگا۔خواجہ شاہ زیب نے کہا کہ حکومت اس عید کے موقع پر تقریباً ایک ہفتہ تک چھٹیوں کے فیصلہ پر نظر ثانی کرے کیونکہ اتنی زیادہ چھٹیاں ملک کے مفاد میں نہیں کیونکہ مسلسل پانچ یوم تک کاروباری سرگرمیاں نہ ہونے سے صنعتکاروں کو بے پناہ مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑے گا۔عید صرف تین یوم کی ہوتی ہے حکومت بھی تین یوم تک ہی چھٹیاں کرے اس سے زیادہ چھٹیاں ملکی مفاد اور کاروباری سرگرمیوں تباہ کرنے کا باعث بنے گی جس کا لازمی اثر حکومت کے زرمبادلہ پر بھی پڑے گا۔