نئی دہلی(نیوز ڈیسک) بھارت کی حکومت نے آسٹریلیا سے پانچ لاکھ ٹن معیاری گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تجارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ، اتنی بڑی مقدار میں گندم کی درآمد گذشتہ دو دہائیوں میں پہلی بار کی جارہی ہے۔ ہندوستانی حکومت کا یہ اقدام ملک کے گوداموں میں اضافی گندم کی موجودگی کے باوجود کیا گیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام شدید بارشوں اور ڑالہ باری کی وجہ سے گیہوں کی فصلوں کی تباہی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ صنعتی اور حکومتی عہدے داروں کے اندازوں کے مطابق اس سال ہندوستان میں نو کروڑ ٹن گیہوں کی پیداوار ہوگی۔ اس سال گیہوں کی پیداوار میں پانچ فیصد کمی دکھائی دے رہی ہے تاہم یہ مقدار بھی ہندوستان میں استعمال ہونے والے گندم کی مقدار سے کہیں زیادہ ہے۔