کوہاٹ(این این آئی)کوہاٹ سمیت صوبہ خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں بارش اور غیر متوقع برف باری کے باعث موسم نے انگڑائی لی جس کی وجہ سے سردی دوبارہ لوٹ آئی اور موسم ٹھنڈاہوگیا ۔بدلتے موسم کے باعث لوگوں نے گرم کپڑے دوبارہ نکال کر پہن لئے۔
جمعہ کی صبح سے ہی کوہاٹ‘ ہنگو‘کرک‘ بنوں لکی مروت ‘ ٹانک‘ شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان اضلاع کے طول وعرض میں کالی گٹھائیں خوب برسیں جبکہ شمالی و جنوبی وزیرستان کے بعض پہاڑی اور بلند مقامات پر برفباری ہونے کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔ بعض اطلاعات کے مطابق مارچ کے مہینے اور خصوصاً آخری ہفتہ میں بدلتے موسم میں برفباری نے پچھلے کئی برسوں کے ریکارڈ توڑ ڈالے۔جمعہ کے روز شام پانچ بجے کم از کم درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔وادی کوہاٹ اور دیگر جنوبی اضلاع میں بارش اور برفباری کے باعث موسم نے انگڑائی لی اور کافی سردی محسوس ہونے لگی۔سردی کے لوٹنے کے باعث لوگوں نے رکھے گئے گرم کپڑے دوبارہ سے نکال لئے اور پہنناشروع کئے۔ادھر بعض مقامات پر شدید بارش اور ژالہ باری کے باعث کھڑی فصلوں اورمیوہ جات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی ظاہرکیا گیا ہے۔شام چھ بجے تک کہیں سے بھی کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔