اسلام آباد(نیوزڈیسک)خیبر پختونخوا کسٹم انٹیلی جنس نے ایک کنٹینر سے 30 ہزار کلو گرام سے زائد آتش گیر مواد برآمد کر کے قبضے میں لے لیا۔ آتش گیر مواد کراچی بندر گاہ سے خیبر ایجنسی سمگل کیا جا رہا تھا۔ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس اصغر خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ آتش گیر مواد کراچی کی بندر گاہ سے روانہ ہو کر خیبر پختو نخوا میں داخل ہو رہا ہے۔ اس اطلاع پر کارروائی کر کے کنٹینر کو قبضے میں لے لیا گیا۔ تلاشی لینے پر کنٹینر سے 30 ہزار کلو گرام آتش گیر مواد برآمد کرکے ایک ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس نے بتایا کہ ملزم کاغذات میں آتش گیر مواد کی بجائے کنٹینر میں کراکری کا سامان ظاہر کر کے پشاور میں داخل ہو رہا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے، اور ہم اس ملزم کی مدد سے ایسے دھندے میں ملوث دیگر ملزمان تک بھی جلد رسائی حاصل کرینگے۔