کراچی(نیوز ڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ کے زخمی رہنما رشید گوڈیل کو سخت سیکورٹی میں اسپتال سے گھر منتقل کردیا گیا ہے۔ترجمان انجم رضوی کے مطابق ایم کیوایم کے رہنما رشید گوڈیل کی طبیعت بہتر ہے اور ان کو اسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے۔اسپتال ذرائع کے مطابق رشید گوڈیل کو سخت سیکورٹی میں اہلخانہ اسپتال سے گھر لے گئے۔ رشید گوڈیل اسپتال میں 24 روز زیر علاج رہے۔ایم کیوایم کے رہنما رشید گوڈیل 18 اگست کو بہادرآباد میں سپر اسٹور سے خریداری کے بعد گاڑی میں جارہے تھے کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کرکے ان کو اور ڈرائیور کو زخمی کردیا تھا۔ زخمیوں کو فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا ڈرائیور دم توڑ گیا جب کہ رشید گوڈیل کو ا?پریشن تھیٹر منتقل کردیا گیا تھا۔ رشید گوڈیل کو 6 گولیاں لگیں تھی جو جبڑے، گردن اور سینے پر ماری گئی تھیں۔