لاہو ر(این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اینٹی کرپشن کے ریڈار پرآگئے،اس وقت پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کے خلاف تین انکوائریاں جاری ہیں جبکہ سابق ایم این اے پی ٹی آئی رضا نصر اللہ گھمن کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ترجمان اینٹی کرپشن نے بتایا کہ
فرخ حبیب کے حوالے سے 2018 سے 2022 تک محکمہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر میں مبینہ کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔فرخ حبیب نے پی ایچ اے میں من پسند افراد کو ٹھیکے کی مد میں خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا۔پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب دو انکوائریوں میں پیش نہ ہوئے۔اینٹی کرپشن کی جانب سے فرخ حبیب کو آج بھی طلب کیا گیا تھا۔فرخ حبیب کو 11 مارچ کو بھی طلب کیا گیا تھا مگر پیش نہ ہوئے۔ترجمان کے مطابق اینٹی کرپشن نے فرخ حبیب اور رضا نصراللہ کو کل 14 مارچ دس بجے طلب کر لیاہے۔فرخ حبیب پر محکمہ ریلوے کے سرکاری اراضی پر پٹرول پمپ بنانے کا الزام ہے۔فرخ حبیب اور رضا نصراللہ نے ستیانہ روڈ پر دو رویہ سڑک کی تعمیر میں بھی مبینہ طور پر گھپلے کئے۔ستیانہ روڈ پر دو رویہ سڑک کی تعمیر میں ناقص میٹریل استعمال کیا گیا۔اینٹی کرپشن نے تمام متعلقہ محکموں سے ریکارڈ بھی طلب کر لیاہے۔