اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت آج ملک بھر کے چیمبرز اور اپٹما کے عہدیداروں کا اجلاس ہوگا۔ جس میں ملک کی معاشی صورتحال، ایکسپورٹ پروموشن اور تاجروں کے مسائل پر غور کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ حکومت کی معاشی اصلاحاتی پالیسی پر وزیر اعظم اپٹما اور تاجر تنظیموں کے سربراہان کو اعتماد میں لیں گے۔ اجلاس میں ملک کی اقتصادی صورتحال، معاشی اصلاحات اور برآمدات کے امور سمیت ود ہولڈنگ ٹیکس کے امور پر بات چیت ہو گی۔ دوسری جانب آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ایس ایم تنویر نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کو روپے کی قدر میں کمی سمیت کئی تجاویز پیش کریں گے۔ اجلاس میں وزرات خزانہ اور وزارت تجارت کی جانب سے معاشی اصلاحات اور تجارت کے فروغ کے اقدامات پر اجلاس کو بریفنگ بھی دیے جانے کا امکان ہے