لاہور(نیوزڈیسک) این اے 154 لودھراں کے ضمنی الیکشن میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے میں صرف ایک دن رہ گیا ہے مگر مسلم لیگ نواز تاحال اپنے امیدوار کا فیصلہ نہیں کر سکی جن دو رہنماؤں رانا محمد اسلم اور حسن محمود پر نواز لیگ کی نظر تھی وہ دونوں ہی پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے۔ دونوں رہنما عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کے صوبائی ٹکٹ ہولڈر رہ چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اب بدلتی صورت حال میں پیر رفیع الدین شاہ مسلم لیگ ن کے امیدوار ہو سکتے ہیں جبکہ صدیق خان بلوچ بھی قریبی عزیز کے لئے ٹکٹ کے طلبگار ہیں۔ ادھر جہانگیر ترین نے اپنے کاغذات نامزدگی ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر لودھراں کے دفتر میں جمع کرا دیے ہیں۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے پہلے میڈیا سے بات کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا الیکشن میں جتنی بھی مشکل ہو بھاگیں گے نہیں۔ جہانگیر ترین نے کہا الیکشن کمیشن کے ارکان متنازع ہو گئے ہیں انہیں مستعفی ہو جانا چاہیے۔