لاہور (نیوز ڈیسک) پنجاب کے سابق وزیراعلی اور مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ نندی پور پروجیکٹ پر ناقص منصوبہ بندی سامنے آ گئی۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ نندی پور منصوبے پر شریف برادران نے بڑے دعوے کئے، وزیر اعلی شہباز شریف کی باتیں سن کر بہت دکھ ہوتا ہے،نندی پور پروجیکٹ کے ڈائریکٹر کو ستارہ امتیاز دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں بہت مسائل تھے جنہیں حل کرنا ضروری تھا ،ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6ہزار میگاواٹ ہے۔چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ پنجاب حکومت کی کوئی پلاننگ نظر نہیں آ رہی ،حکومت نے رینٹل پاور کے خلاف بہت شور مچایا ،رینٹل پاور منصوبے نئے نام سے چلا ئے جا رہے ہیں۔ سولر منصوبہ لگا کر 16ارب روپے ضائع کئے گئے ، کراچی طرز کا آپریشن پنجاب میں بھی ہونا چاہیے۔