راولپنڈی(این این آئی)آرمی چیف جنرل عاصم منیرنے ہشت گردی کا نشانہ بننے والے کراچی پولیس آفس (کے پی او)کا دورہ کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب یا نظریہ نہیں ہوتا، انسداد دہشت گردی کیلئے اعتماد اور مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے، پاکستانیوں نے ہمیشہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کو مسترد کیا
اور شکست دی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کراچی پولیس چیف آفس کا دورہ کیا، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور کور کمانڈر کراچی بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔آرمی چیف اور وزیراعلیٰ سندھ کو پولیس آفس حملے سے متعلق کور ہیڈکوارٹرز میں بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور وزیراعلیٰ سندھ نے حملے میں زخمی اہلکاروں کی عیادت بھی کی۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہاکہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب یا نظریہ نہیں ہوتا، گمراہ کن تصورکو لالچ اور دباؤ سے مسلط کیا جاتا ہے۔ آرمی چیف نے کہاکہ انسداد دہشت گردی کے لیے اعتماد اور مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے، پاکستانیوں نے ہمیشہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کو مسترد کیا اور شکست دی، ہم مل کر خوشحال مستقبل کیلیے اس خطرے پر غالب آئیں گے۔جنرل عاصم منیر نے کہاکہ سکیورٹی فورسز کی توجہ انسداددہشتگردی اورانٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز پر ہے، انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز پورے ملک میں کامیابی سے کئے جا رہے ہیں۔