اسلام آباد(نیوزڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین کو سیاسی انتقام سے جوڑنے کی کوئی شہادت موجود نہیں ہے۔ ان کا معاملہ سیاست سے بالکل علیحدہ ہے۔ اگر انتقامی کارروائی کرنا ہوتی تو ان کیخلاف کرتے جو ہم پر الزامات اور دھمکیاں دیتے ہیں۔ کراچی آپریشن کی قیادت قائم علی شاہ کر رہے ہیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان نے سیاست کے لئے ڈی چوک کو دوبارہ منتخب کر لیا ہے۔ عمران خان کا مطالبہ کیا ہے، ہمیں تو یہ بھی معلوم نہیں ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان لاہور کے حلقہ این اے 122 میں سردار ایاز صادق کا خود مقابلہ کریں۔ ایم کیو ایم کے استعفعوں کے حوالے سے بات کرتے ان کا کہنا تھا کہ ہم تمام جماعتوں کے مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہیں۔ نظام کی تقویت کے لئے تمام جماعتوں کیساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ ہر سیاسی جماعت کو اپنے فیصلوں میں آزادی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک متحدہ کو آمادہ کرنے کی کوششوں میں لگے ہیں۔ اُمید کرتے ہیں کہ ایم کیو ایم ہماری بات پر توجہ کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں واپسی کا راستہ اختیار کرے گی۔