لاہو(نیوزڈیسک) ہائی کورٹ نے ارسلان افتخار کی درخواست پر ان کے خلاف جاری ٹیکس وصولی کے نوٹس پر حکم امتناعی جاری کردیا۔لاہور ہائی کورٹ نے ارسلان افتخار کو جاری ٹیکس نوٹس کے خلاف درخواست کی سماعت کی، سماعت کے دوران ارسلان افتخار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل نے ٹیکس کی مد میں واجب الادا رقم 2 ماہ پہلے ہی ادا کردی تھی، اس سلسلے میں ایف بی آر نے کسی بھی قسم کا کوئی نوٹس نہیں دیا۔ جس کمپنی کے اکاؤنٹ سے ایف بی آر نے 28 لاکھ روپے نکالے وہ کپمنی ارسلان افتخار کی نہیں بلکہ وہ تو اس کمپنی میں ملازم ہیں۔عدالت نے موقف سننے کے بعد ارسلان افتخار سے ٹیکس کی وصولی کے خلاف درخواست پرحکم امتناعی جاری کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو نے ارسلان افتخار کو 16 لاکھ 25 ہزار ٹیکس ادا کرنے کا نوٹس جاری کیا تھا۔