اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ، اے پی پی)عالمی مندی میں خام تیل کی قیمت میں اچانک بھاری اضافہ ہوگیا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی میں برطانو ی خام تیل کی قیمت اچانک 4 ڈالر فی بیرل اضافے کے بعد 98 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے جبکہ امریکی خام تیل تین ڈالر
کے اضافے کے بعد 92 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے ۔دوسری جانب ملک میں پیٹرولیئم مصنوعات کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر22 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔آئل کمپنیزایڈورائزری کونسل اورانڈسٹری کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکراکتوبرتک کی مدت میں ملک میں 615 ملین ٹن پیٹرولیئم مصنوعات کی فروخت ریکارڈکی گئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 22 فیصدکم ہے،گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 7.85 ملین ٹن پیٹرولیئم مصنوعات کی فروخت ریکارڈکی گئی تھی۔اعدادوشمارکے مطابق اکتوبرمیں پیٹرولیئم مصنوعات کی فروخت میں ماہانہ بنیادوں پر9 فیصدکااضافہ ریکارڈکیاگیا، اکتوبرمیں ملک میں 1.66 ملین ٹن پیٹرولیئم مصنوعات کی فروخت ریکارڈکی گئی جوستمبر میں 1.52 ملین ٹن تھی۔اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے چارماہ میں ملک میں پیٹرول کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر18 فیصد اورہائی سپیڈڈیزل کی فروخت میں 26 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی، اسی طرح فرنس آئل کی فروخت میں بھی 26 فیصد کمی ریکارڈکی گئی ہے۔مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں پاکستان سٹیٹ آئل کی پیٹرولیئم مصنوعات کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر21 فیصد اوراٹک پیٹرولیئم کمپنی کی پیٹرولیئم مصنوعات کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر21 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے، اسی طرح شیل کمپنی کی پیٹرولیئم مصنوعات کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر23 فیصد اورحیسکول کی فروخت میں 5 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔