جنیوا(اےایف پی) اقوام متحدہ اور ریڈ کراس نے کہاہے کہ چند دہائیوں کے اندر دنیا کے بعض خطوں میں گرمی کی لہریں اتنی شدید ہوجائیں گی کہ وہاں انسانی زندگی کا تصور ناپید ہوجائیگا۔غیر ملکی خبررساںادارے کےمطابق دونوں اداروں نے ایک مشترکہ رپورٹ میں متنبہ کیا کہ اس سال صومالیہ اور پاکستان جیسے ممالک میں ہیٹ ویو کی تباہ کاریاں مستقبل میں زیادہ،شدید اور مہلک گرمی سے متعلق انسانی ہنگامی صورتحال کی پیش گوئی کرتی ہیں۔اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ برائے انسانی اموراور انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز نے مصر میں آئندہ ماہ ہونے والی COP27 موسمیاتی تبدیلی کے سربراہی اجلاس سے قبل یہ رپورٹ جاری کی۔IFRC کے سیکرٹری جنرل جگن چاپاگین نے کہا کہ ہم اسے ڈرامائی شکل نہیں دینا چاہتے، لیکن واضح طور پر اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ یہ ایک انتہائی تاریک مستقبل کی طرف لےجارہے ہیں۔