اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی)قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹی 20انٹرنیشنل میں تیز ترین تین ہزار رنز کا ویرات کوہلی کا ریکارڈ برابر کردیا۔نجی ٹی وی کے مطابق بابر اعظم نے انگلینڈ کیخلاف چھٹے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کھیلتے ہوئے 81ویں اننگ میں 3ہزار رنز مکمل کیے ہیں ۔
بابر نے اننگ کا 52واں رنز بنا کر یہ سنگ میل عبور کیا ہے ۔ اس سے قبل کے ویرات کوہلی نے بھی 81 اننگز میں تین ہزار رنز مکمل کیے تھے۔ دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی بچپن کی تصاویر میں مماثلت دیکھ کر مداح حیران رہ گئے۔ماہرینِ کرکٹ اور شائقینِ کرکٹ اکثر ہی بابر اعظم اور ویرات کوہلی کی شاندار بیٹنگ اور قیادت کا ایک دوسرے سے موازنہ کرتے ہیں، یہاں تک کہ خود یہ دونوں کھلاڑی بھی ایک دوسرے کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے اور سراہتے نظر آتے ہیں۔ تاہم دنیائے کرکٹ میں یہ صورتحال اس لیے دیکھنے کو ملتی ہے کیونکہ بابر اعظم اور ویرات کوہلی دونوں ہی کرکٹ کے میدان میں اپنے اپنے ملک کی بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کرتے ہیں۔ مگرحال ہی میں ایک ٹوئٹر صارف نے بابراعظم اور ویرات کوہلی کے بچپن کی تصاویر شیئر کیں، جنہیں دیکھ کر شائقینِ کرکٹ دنگ رہ گئے۔کرکٹ کی دنیا کے ان بہترین بلے بازوں کی بچپن کی تصاویر میں حیران کن بات یہ ہے کہ دونوں تقریباََ ایک جیسی شرٹ پہنے نظر آرہے ہیں۔صارف کی جانب سے شیئر کی گئی یہ تصویر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بہت پسند کی جارہی ہے اور تصویر میں سامنے آنے والی مماثلت پر حیرانی کا اظہار بھی کیا جارہا ہے۔