اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)نیا دور کے پروگرام ”خبر سے آگے “میں گفتگو کرتے ہوئے معروف صحافی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ اس وقت صرف ایک شخص مشکل میں ہے اور وہ عمران خان ہے۔ انھوں نے کہا کہ ستمبر بہت اہم مہینہ ہے۔ عمران خان اب اسٹیبلشمنٹ سے براہ راست رابطے میں ہیں۔
انہیں بتایا گیا ہے کہ انتخابات کا اعلان جنوری میں کیا جائے گا اور مارچ میں شفاف انتخابات کرائے جائیں گے۔ سوال یہ ہے کہ کیا عمران خان اسٹیبلشمنٹ کی تسلی پہ یقین کریں گے کہ آپ صبر کریں، ہم آپ کو صاف شفاف انتخابات دیں گے۔ سیلاب میں بھی خان صاحب جلسے جلوس کر رہے ہیں۔ ان کا موڈ بہت واضح ہے۔ اب دیکھنا ہے کہ وہ جنوری تک انتظار کرتے ہیں یا حملہ کردیتے ہیں۔نجم سیٹھی کا مزید کہنا تھا کہ خان صاحب کو اسٹیبلشمنٹ پر اعتبار نہیں ہے اور نہ ہی اب اسٹیبلشمنٹ کو عمران خان پر اعتبار رہا ہے۔ اس وقت اگر کسی کو کسی پر اعتبار ہے تو وہ اسٹیبلشمنٹ کو شہباز شریف پر اور شہباز شریف کو اسٹیبلشمنٹ پر اعتبار ہے۔ انٹرنیشنل کمیونٹی بھی اسٹیبشلمنٹ کے ساتھ ہے، وہ نہ عمران خان کے ساتھ ہیں اور نہ ہی موجودہ حکومت کے ساتھ ہیں۔عوام، سیاست دان اسٹیبلشمنٹ کے بارے میں جو مرضی کہیں، جو مرضی سوچیں وہ ابھی بھی بہت پاورفل ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ کے بارے میں ہر قسم کی بات ہو چکی ہے، ہر قسم کی بات ہو رہی ہے، کچھ چھپا ہوا نہیں ہے۔ لوگ نام لے کر باتیں کر رہے ہیں۔ خان صاحب نے اسٹیبلشمنٹ کو پتھر مار مار کر ان کا برا حال کر دیا ہے۔