کراچی(این این آئی)رواں سال سب سے زیادہ بارشیں سندھ میں ریکارڈ ہوئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے یکم جولائی تا 30اگست تک ملک بھر میں ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کردیئے گئے ہیں۔جاری کردہ اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ
ملک بھر میں بارشوں کا اوسط 118.7ملی میٹر ہوتا ہے جبکہ رواں سال بارش 368ملی میٹر یعنی 210فیصد زائد بارشیں ہوئیں۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ملک بھر میں اب تک سب سے زیادہ بارش سندھ میں ریکارڈ ہوئی، سندھ میں اوسط سے 508 فیصد زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بعد سب سے زیادہ بارش بلوچستان میں ہوئی، بلوچستان میں 314.1ملی میٹر یعنی 506فیصد زیادہ بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ گلگت بلتستان میں معمول سے 148فیصد زیادہ برسات ہوئی، بلتستان میں 29.5فیصد اوسطا بارش ہوتی ہے جبکہ اس بار 73 ملی میٹر بارش ہوئی۔اسکے علاوہ پنجاب میں بھی معمول سے 86 فیصد زیادہ بارش ہوئی، پنجاب میں 196.1ملی میٹر اوسط بارشیں ہوتی ہیں رواں مون سون میں 364.5ملی میٹر بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ خیبر پختونخوا میں بارشوں کا اوسط 208.3 ملی میٹر ہے۔