کرپٹ لوگوں کے سر قلم کیے جانے چاہئیں، سینیٹر اعظم سواتی
اسلام آباد(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم خان سواتی نے مطالبہ کیا ہے کہ کرپٹ لوگوں کے سر قلم کیے جانے چاہئیں۔
سینیٹ اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر اعظم سواتی نے کہاکہ سی ڈی اے اور ایف بی آر کرپشن کی جڑ ہیں، ہماری حکومت بھی ان کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہی۔
کرپٹ لوگوں کے سر قلم کیے جانے چاہئیں۔اعظم خان سواتی نے کہا کہ اس حکومت کو وقت ملا ہے، ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔
وزیر مملکت برائے قانون ملک شہادت اعوان نے کہاکہ اسلام آباد میں117غیر قانونی ہاسنگ سوسائٹیاں تھیں، غیر قانونی ہاسنگ سوسائٹیز کے خلاف کارروائی کی گئی ہے لیکن جن کے خلاف کارروائی کی ہے وہ عدالت میں چلے گئے ہیں۔
ملک شہادت اعوان نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں قائم سوسائٹیز کا ہر سال آڈٹ ہوتا ہے، ہم کرپشن بھی ختم کریں گے اور سزائیں بھی دیں گے۔