اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی ) ن لیگ کے سینئر رہنما میاں جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ خونی انقلاب آ گیا تو ذمہ داری ہم پر نہیں ہو گی۔جب ہم کہہ رہے تھے کہ الیکشن کرائے جائیں تو کہتے تھے کہ ستمبر سے پہلے الیکشن نہیں ہو سکتے۔حالات سے خونی منظر ہو سکتا ہے۔
پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان پر ملک میں بے یقینی اور انتشار پھیلانے کی کوششوں پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاسی جماعتوں پر بار بار بے بنیاد الزامات لگا کر انہیں کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے یقین تھا فل کورٹ نہیں بنے گا اور انصاف نہیں ملے گا۔سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اپنی ٹوئٹ مریم نواز نے کہاکہ جب فیصلے آئین، قانون اور انصاف کے مطابق نہ ہوں تو فْل کورٹ سے خطرہ رہتا ہے کیونکہ ایماندار ججز کے شامل ہونے سے فیصلے کی خامیاں منظرعام پر آ جاتی ہیں اور لوگ جان جاتے ہیں کہ فیصلہ آئین و قانون نہیں بلکہ ذاتی پسند و نا پسند کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مگر اب کچھ بھی کر لیں، لوگ تو جان گئے۔مریم نے کہاکہ مجھے تو کم از کم یقین تھا، فل کورٹ نہیں بنے گا اور انصاف نہیں ملے گا یہی میں قوم کو بتانا چاہتی تھی۔