ریاض (این این آئی)سعودی عرب میں حج میں دس لاکھ سے زیادہ مسلمانوں کی واپسی اور جدہ سیزن میں لاکھوں زائرین کی شرکت نے 2022 میں شعبہ سیاحت کی بحالی اور فروغ میں نمایاں کردارادا کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ہوٹل کے شعبہ میں کام کرنے والی ایک مشاورتی
فرم کی رپورٹ میں کہاگیاکہ زائرین عمرہ وحج کی مملکت میں آمداورعمومی سیاحت کی سرگرمیوں میں زبردست تیزی سے سعودی معیشت کو نمایاں فائدہ پہنچا اورہوٹلوں کے مکینوں کی تعداد گذشتہ سال کے مقابلے میں دگنا سے بھی زیادہ ہوگئی ۔مشاورتی فرم کولیئرز انٹرنیشنل میں مینا ریجن (مشرقِ اوسط اور شمالی افریقا)کے شعبہ ہوٹل کے سربراہ کرسٹوفر کے مطابق سعودی عرب نے اس سال دس لاکھ غیرملکی عازمینِ حج کا خیرمقدم کیا۔ان میں زیادہ تر بیرون ملک سے آئے تھے۔انھوں نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں اسلام کے دو مقدس ترین مقامات کی زیارت کی۔اس کا ملک کی سیاحت کی صنعت پر پہلے ہی بڑے پیمانے پرمثبت اثر پڑا۔موسمِ حج سعودی عرب کے لیے ضیوف الرحمن کی میزبانی کی بنا پر وقار اور سیاحت کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔کولیئرز انٹرنیشنل کے مینا کے خطے میں ہوٹلوں کے بارے میں پیشین گوئی کے مطابق 2022 میں سعودی عرب کی سیاحت کی صنعت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔