اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی )لوٹوں کے خلاف بیان دینے والے اور انہیں معاشرے کے ردِ عمل سے ڈرانے والے عمران خان نے خود دوسری جماعت کے سابق رہنما کو ٹکٹ دے دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کو سابق وزیراعظم عمران خان نے بھکر میں جلسے
سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر لوٹوں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور لوٹوں کو شکست دینے کا اعلان بھی کیا۔عمران خان نے عملاً اپنی بات کی نفی کرتے ہوئے بھکر سے صوبائی اسمبلی کے ضمنی انتخاب کا ٹکٹ اپنے کسی کارکن کو نہیں دیا، بلکہ دو ہزار اٹھارہ میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار عرفان اللّٰہ نیازی کو دے دیا۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے پنجاب کے حلقے پی پی 224 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار زوار حسین کی وضاحت کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ان پر جرمانہ عائد کر دیا۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار زوار حسین نے انتخابی مہم میں وزیرِ مملکت برائے داخلہ عبدالرحمٰن کانجو کو مدعو کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر لودھراں نے 12جولائی کو امیدوار کی وضاحت ریکارڈ کی تھی۔ترجمان کے مطابق وضاحت غیر تسلی بخش ہونے پر 40 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ملتان نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے ٹی ایل پی کے امیدوار کو نوٹس جاری کیا تھا۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ملتان کے حلقے پی پی 217 سے تحریکِ لبیک پاکستان کے امیدوار زاہد حمید گجر کو ریلی نکالنے پر نوٹس جاری کیا گیا۔