اسلام آباد(این این آئی) پاکستان میں کورونا کیسز کی شرح میں اضافہ ہونے لگا ،694 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔قومی ادارہ برائے صحت کے مطابق
ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 17 ہزار 640 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے کورونا کے694 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔
قومی ادارہ صحت کے مطابق ملک میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا کی شرح 3.93 فیصد رہی ، گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی
تاہم کورونا میں مبتلا ایک مریض کی حالت تشویشناک ہے۔ دوسری جانب عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او)کے مطابق ایک مرتبہ پھر دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران چار ملین سے زائد کورونا کے مریض رجسٹر کئے گئے اور یہ 18فیصد کا اضافہ بنتا ہے۔
کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیس 47فیصد اضافے کے ساتھ مشرق وسطی میں رجسٹر ہوئے۔ یورپ میں کورونا انفیکشنز میں 32جبکہ امریکہ میں 14فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق کورونا وبا کی شدت میں تو تبدیلی آ رہی ہے لیکن یہ ابھی ختم نہیں ہوئی۔