لاہور( این این آئی)لاہور پولیس نے دعا زہرا اور اس کے شوہر ظہیر کو بہاولنگرکے علاقے چشتیاں سے حراست میں لے کر کراچی پولیس کے حوالے کر دیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے لاہور پولیس کو میاں بیوی کو عدالت میں پیش کرنے کے لیے 10 جون تک پابند کیا تھا۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کامران عادل کودعا زہرہ کی تلاش کے لیے خصوصی ٹاسک دیا تھا۔ایس ایس پی انوسٹی گیشن کی سربراہی میں سی آئی اے لاہور نے دعا زہرہ کو ٹریس کرنے کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے رکھی تھیں۔پولیس کی ٹیموں نے مختلف شہروں میں آپریشن کرتے ہوئے دعا زہرہ اور اس کے شوہر کو بہاولنگر کے علاقہ چشتیاں سے حراست میں لے لیا۔دعا زہرہ اور اس کے شوہر ظہیر نے اپنے بھائی کے سسرال میں رفیع نامی بینک ملازم کے گھرمیںپناہی لے رکھی تھی۔ترجمان پولیس کے مطابق دعا زہرہ اور اس کے شوہر کو کراچی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ۔ ایس ایچ او ابصار حسین نے مغویہ کی بازیابی کیلئے سی آئی اے ٹیم لاہور اور کراچی پولیس کی معاونت کی ۔ دعاء زہرہ اور اسکے مبینہ شوہر ظہیر احمد کو چشتیاں پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد متعلقہ پولیس کے ہمراہ کراچی روانہ کر دیا ۔