لاہور، اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی)اتحادی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو نہ روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت اور اتحادیوں کے درمیان اس بات پر اتفاق ہو گیا ہے کہ اگر تحریک انصاف قانونی حدود میں رہتے ہوئے
لانگ مارچ کرتی ہے تو کسی قسم کی رکاوٹ کھڑی نہیں کی جائے گی۔تاہم ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر تحریک انصاف نے امن و امان کی صورت حال خراب کرنے کی کوشش کی تو پھر قانونی طریقے سے نمٹا جائے گا۔یاد رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 25 مئی کو اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے اور ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت کو ختم کر کے ملک میں فوری شفاف انتخابات کروائے جائیں۔دوسری جانب پی ٹی آئی کی جانب سے حقیقی آزادی مارچ کیلئے ضلعی انتظامیہ سے اجازت لینے کے معاملے پرڈسٹرکٹ مجسٹریٹ رانا وقاص نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ افسران سے رائے مانگ لی ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی جانب سے ایس ایس پی آپریشنز،اے آئی جی سپیشل پرانچ پولیس کو مراسلہ بھیجا گیا ،ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر انڈسٹریل ایریا کو بھی مراسلہ بھیجا گیا جس میں کہاگیاکہ پی ٹی آئی دھرنا کے حوالے سے رائے دی جائے،تاکہ اجازت دینے کے حوالے سے فیصلہ کیا جا سکے۔