اسلام آباد(این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی نے ملک کی تمام خواتین کو تحریک انصاف کے جلسوں کے بائیکاٹ کا مشورہ دیدیا۔ اپنے بیان میں سلیم مانڈی والا نے کہاکہ عمران خان کے مریم نواز سے متعلق الفاظ خواتین کی تذلیل کے مترادف ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان مریم نواز
سے متعلق استعمال کئے گئے الفاظ پر خواتین سے معافی مانگیں۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے سیاست میں گالم گلوچ برگیڈ کو تیار کرکے ایسی زبان استعمال کرنے والوں کو شاباش دی۔ انہوں نے کہاکہ یہی وجہ ہے کہ تحریک انصاف کے رہنماء بھی ہر جلسے اور چوک پر ذاتیات پر اتر کر مخالفین کو گالیاں دیتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف کی قیادت کو سیاست میں ذاتیات اور گالم گلوچ سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف میں شامل خواتین کو اپنی قیادت کے سامنے ان الفاظ پر احتجاج کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان جب تک معافی نہ مانگیں، خواتین انکے جلسوں میں شرکت نہ کریں۔دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے عمران خان سے گذشتہ روز جلسے کے دوران پاکستان مسلم لیگ (ن کی نائب صدر مریم نواز کے بارے میں نامناسب بیان پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے ۔نفیسہ شاہ نے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان کی مریم نواز کے خلاف الفاظ انتہائی قابل مذمت اور باعث شرم ہیں۔ انہوںنے کہاکہ چوک، چوراہوں پر کھڑے ہو کر ماؤں بہنوں پر ذاتی حملے کر کے انھیں سیاست میں گھسیٹنا ایک گری ہوئی حرکت ہے۔نفیسہ شاہ نے کہاکہ عمران خان فوری طور پر استعمال کئے الفاظ واپس لیں اور خواتین سے معافی مانگیں۔