مکہ مکرمہ (این این آئی)حرمین شریفین انتظامیہ نے غلاف کعبہ کی صفائی کے لیے بلا تعطل کئی گھنٹے کام کرنے کی صلاحیت کی حامل سمارٹ مشین فراہم کر دی ہے۔ اس کا اہتمام انتظامیہ کے ماتحت کنگ عبدالعزیز کمپلیکس برائے غلاف کعبہ نے کیا ۔میڈیارپورٹس کے مطابق کنگ
عبدالعزیز کمپلیکس برائے غلاف کعبہ کے سیکریٹری عبدالحمید المالکی نے کہا ہے کہ سمارٹ مشین جدید ٹکنالوجی سے کام کرتی ہے۔ یہ بہت ساری خوبیوں سے لیس ہے۔المالکی نے بتایا کہ غلاف کعبہ کی صفائی کے لیے اس کا خصوصی اہتمام اس وجہ سے بھی کیا گیا ہے کیونکہ خالص ریشم سے تیار غلاف کعبہ کی چمک دمک برقرار رکھنے اور اسے معمولی سے معمولی نقصان سے بچانا نہایت ضروری ہے۔ یہ مشین اس حوالے سے بہت موثر ہے اور گھنٹوں کام کرسکتی ہے, اس کا رزلٹ بہترین ہے۔دوسری جانب حرمین شریفین انتظامیہ نے صفا اور مروہ پہاڑیوں کی دھلائی کا بھی اہتمام کیا۔ یہ کام ہر ہفتے کیا جاتا ہے تاکہ صفائی کا معیار عمدہ رہے اور ہر قسم کی آلودگی سے صفا اور مروہ پاک صاف رہیں۔مسجد حرام میں صفائی ستھرائی کے ادارے کے انچارج جابر الودعانی نے کہا کہ صفا اور مروہ کی صفائی اور دھلائی خاص آلات اور جراثیم کش مادے سے کی جاتی ہے۔ یہ کام سپیشل ٹیم انجام دیتی ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر بھی صفا اور مروہ کی صفائی کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ مروہ پہاڑ کے اطراف نصب شیشوں کی صفائی کی جاتی ہے اور اس کی صفائی کا کام روزانہ کی بنیاد پر بھی ہوتا ہے۔