لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی )نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس 6اپریل تک ملتوی کردیا گیا، یاد رہے کہ آج وزیر اعلیٰ پنجاب کا چنا ئوہونا تھا، جس کیلئے پرویز الٰہی اور حمزہ شہبازکے درمیان مقابلہ تھا ، تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پنجاب اسمبلی
کا اجلاس جو تاخیر سے شروع ہوا تھا اور 6اپریل تک ملتوی کردیا گیا ہے ۔ اس سے قبل وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور کو برطرف کر دیا۔یہ بات وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میںبتائی۔فواد چوہدری کے مطابق نئے گورنر پنجاب کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، آئین کے مطابق ڈپٹی اسپیکر قائم مقام گورنر ہوں گے۔ذرائع کے مطابق چوہدری محمدسرورموجودہ سیاسی حالات میں بھی پارٹی کیلئے سر گرمیاں نہیں کر رہے تھے ۔ یہ افواہیں زیر گردش ہیں کہ گورنر پنجاب پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے انتخاب میںمسلم لیگ (ن) کی حمایت کرنے والے پی ٹی آئی کے ایک گروپ سے مکمل رابطے میں تھے جس کا علم ہونے پر وفاقی حکومت نے انہیں اچانک برطرف کرنے کا فیصلہ کیا۔چوہدری سرور کی اچانک برطرفی سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن گئی ۔ ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی کی راہداریوں میں بھی اراکین اسمبلی چوہدری سرور کی برطرفی پر گفتگوکرتے رہے۔