لاس اینجلس(نیوز ڈیسک)پانی کو محفوظ رکھنے اور قحط کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے امریکی ریاست کیلی فورنیا میں پلاسٹک کی سیاہ گیندوں سے انوکھا تجربہ کیا جارہا ہے۔گیندیں صرف کھیلنے کے لئے نہیں بلکہ انسان کی بنیادی ضرورت پانی کو محفوظ بنانے کے بھی کام آر ہی ہیں،جی ہاں ،لاس اینجلس میں ماہرین نے قحط سالی سے بچاواورپانی کو محفوظ بنانے کا ایک منفرد طریقہ ڈھونڈ نکالا ہے۔پانی کے ذخیرے پر کیمیکل ٹریٹمنٹ کے بعد پلاسٹک کی بیس ہزار سیاہ گیندیں پھیلادی گئی ہیں تاکہ سورج کی تپش سے پانی خشک نہ ہو سکے،ماہرین کے مطابق اس طریقہ سے سالانہ تین سو ملین گیلن پانی ذخیرہ کیا جا سکتا ہے۔ یہ گیندیں بیس سال تک کارآمدثابت ہو سکتی ہیں جس پر فی گیند صرف چھتیس سینٹس لاگت آئی ہے،اس طریقے کے ذریعے پانی کو جانوروں سے بھی محفوظ رکھا جا سکے گا۔