کراچی(مانیٹرنگ، این این آئی)پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ان کے معاملات طے پا چکے ہیں، دنیا نیوز کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ارکان کو تحفظ فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، ہمارے نمبرز تحریک عدم اعتماد کے لئے پورے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے کتنے ایم این ایز ہمارے ساتھ ہوں گے ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا،
دوسری جانب ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے ہمیشہ امن کی بات کی،انصار الاسلام جے یو آئی کی ذیلی غیر مسلح اور آئینی تنظیم ہے۔انصار الاسلام کے بارے میں ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ انصار الاسلام نے مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ہمیشہ جماعت کے بڑے جلسوں، ملین مارچز اور جلوسوں کی حفاظت کا فریضہ سر انجام دیا، زلزلوں، سیلاب یا کسی بھی دوسری آفتوں میں ہم وطنوں کی خدمت میں پیش پیش رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ انصار الاسلام ایک رضاکار تنظیم ہے، انصار الاسلام جے یو آئی کے زیر نگرانی کام کرتی ہے، انصار الاسلام کے رضاکاروں کو اسلحہ کی تربیت نہیں دی جاتی، انصار الاسلام کے بارے میں مفتی کفایت اللہ کا بیان حقائق کے منافی اور ان کی ذاتی رائے ہے، پارٹی موقف نہیں۔ اسلم غوری نے کہا کہ جے یو آئی اور اس کی زیر نگرانی کوئی بھی تنظیم آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کرتی ہے، مفتی کفایت اللہ جماعتی ترجمان نہیں ان کے بیان کو جماعت کا موقف نہ سمجھا جائے، ان کے موقف سے مکمل برات کا اعلان کرتے ہیں۔ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے کہاکہ ہماری قیادت پر خود کش حملے ہوئے، اس وقت بھی صبر کا دامن نہیں چھوڑا، مولانا فضل الرحمان نے ہمیشہ امن کی بات کی، لاکھوں ورکرز کو آئینی اور جمہوری جدوجہد کا راستہ دکھایا۔