واشنگٹن (این این آئی)امریکی نائب صدر کملا ہیرس جنگ زدہ ملک یوکرین کے پناہ گزینوں کے بارے میں پوچھے جانے پر ہنس پڑیں جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔کملا ہیرس وارسا میں پولینڈ کے صدر کیساتھ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں جب یہ واقعہ پیش آیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے کملا ہیرس سے پوچھا کہ کیا امریکا یوکرائنی مہاجرین کو لے جائے گا؟۔جواب دینے سے پہلے کملا ہیرس نے پولینڈ کے صدر کی طرف دیکھا کہ آیا وہ پہلے جواب دینا چاہیں گے، پہلے اْن کی طرف دیکھ کر ہنستی رہیں اور پھر کہا کہ ضرورت مند دوست درحقیقت ایک دوست ہوتا ہے۔بعدازاں پولینڈ کے صدر نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پولینڈ نے واقعی کملا ہیریس سے یوکرین کے پناہ گزینوں کے لیے قونصلر کے عمل کو تیز کرنے میں مدد کرنے کو کہا ہے۔کملا ہیرس نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے یوکرائنی پناہ گزینوں کی آمد کی وجہ سے پولینڈ پر پڑنے والے بوجھ پر تبادلہ خیال کیا لیکن اس بات کا جواب نہیں دیا کہ آیا امریکا مہاجرین کی ایک مخصوص تعداد کو لے جائے گا۔دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین نے امریکی نائب صدر کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ موضوع ہنسنے والی بات نہیں ہے، کملا ہیرس کا یہ رویہ بالکل نامناسب اور ناقابل قبول ہے۔