کراچی (این این آئی)قومی ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے پاکستان سپر لیگ کی کامیابی کا کریڈٹ سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو دیدیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ جب اچھی نیت سے کام کرتے ہیں، اچھے لوگ جڑنا شروع ہوتے ہیں۔
پی ایس ایل کا کریڈٹ نجم سیٹھی کو جاتا ہے کیونکہ انہوں نے اس کا آغاز کیا۔شاہد آفریدی نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں، اوور سیز پاکستانیوں کا پاکستان کی ترقی اور کامیابی میں اہم کردار ہے۔انہوںنے کہاکہ پی ایس ایل سے کافی ٹیلنٹ سامنے آتا ہے، ابھی سنا ہے پی ایس ایل انڈر 19 بھی ہونے والی ہے، نئے ٹیلنٹ کے لیے پی ایس ایل انڈر 19 بھی زبردست ہو گا۔ایک سوال کے جواب میں بوم بوم آفریدی نے کہا کہ شاہین آفریدی نے پی ایس ایل میں غیرمعمولی پرفارمنس دی اور زبردست کپتانی کی، سینئر کھلاڑیوں سمیت سب لوگوں نے انفرادی طور پر شاہین کی تعریف کی۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے حوالے سے شاہد آفریدی نے کہا کہ رمیز راجہ ابھی آئے ہیں، چیزوں کو سمجھنے میں وقت لگتا ہے، رمیز راجہ ایک امید ہیں، انہوں نے کرکٹ کھیلی ہے اور کمنٹری بھی کی ہے۔سابق کپتان نے کہا کہ کرکٹ کی بہتری اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے گراس روٹ لیول پر کام کرنیکی بہت ضرورت ہے۔