لاہور(نیوز ڈیسک)پنچاب فوڈ اتھارٹی، پنجاب ریونیو اتھارتی کے بعد پنجاب ہیلتھ کیئرکمیشن بھی حرکت میں آگیا ہے۔ صفائی کے ناقص انتظامات پر لاہور میں متعدد سرکاری اور پرائیوٹ اسپتالوں کے آپریشن رومز اور تھیٹرز سیل کردیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے حکام نے لاہور میں سرکاری اور نجی اسپتالوں کے آپریشن تھیٹرز پر چھاپے مارے اور اسٹرلائزیشن کے ناکافی انتظامات، جراثیم اور بکٹیریا کی لیبارٹری رپورٹ نہ ہونے پر کارروائی کی۔ کمیشن کے ترجمان کے مطابق میواسپتال کے 11آپریشن رومز، جناح اسپتال کے 3آپریشن تھیٹر اور شیخ زید اسپتال کے 8آپریشن تھیٹرز سیل کردیئے گئے۔ ڈیفنس اور اقبال ٹاﺅن میں 2پرائیویٹ اسپتالوں کا ایک ایک گائنی آپریشن تھیٹر سیل کردیا گیا، کمیشن نے فیروز پور روڈ پر واقع ایک معروف اسپتال کی انتظامیہ کو صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کی وارننگ بھی دی ہے۔