کراچی(نیوز ڈیسک)تلے ہوئے کھانے اور میٹھے مشروبات دل کے امراض کا خطرہ دوگنا زیادہ بڑھا دیتے ہیں۔یہ انتباہ ایک نئی امریکی طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔الابامہ یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق جو لوگ تلے ہوئے کھانوں، انڈوں، پروسیس گوشت اور میٹھے مشروبات کا زیادہ استعمال کرتے ہیں ان میں صحت مند غذا کھانے والے افراد کے مقابلے میں دل کے مسائل کا امکان 56 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اوپر درج کی گئی غذا کا استعمال دل کے دورے یا امراض قلب کے نتیجے میں موت کا خطرہ اگلے 6 برسوں میں بڑھا دیتا ہے۔محقق ڈاکٹر جیمز شیکانے نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ تلی ہوئے کھانوں اور میٹھے مشروبات کا استعمال بہت زیادہ کرنے سے گریز کریں۔ان کا کہنا تھا کہ جنس، رنگ و نسل سے قطع نظر اگر آپ اس طرح کی غذا کو اکثر استعمال کرتے ہیں تو آپ کو امراض قلب کے خطرے سے آگاہ رہنا چاہئے اور اپنی خوراک میں بتدریج تبدیلی لانے کی کوشش کرنی چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ تلے ہوئے پکوان یا پروسیس گوشت کے استعمال میں کمی لائی جائے اور چکن یا سبزیوں پر مشتمل کھانوں کو ترجیح دی جائے