جڑانوالہ(آن لائن)وزیر اعظم عمران خان نے معیشت کی پائیدار بنیادوں پر جامع ترقی کیلئے فوری حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا کہ پانچ سالہ ٹیکسٹائل پالیسی کے علاوہ مختلف علاقوں کی مقامی برآمدات کی حوصلہ افزائی کیلئے بھی ایسی پالیسیاں تشکیل دی جائیں گی۔ وہ آج فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی بحالی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے جس کیلئے ہر ممکن سہولتیں مہیا کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے وفاقی وزیر اسد عمر کو ہدایت کی کہ وہ فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی سے قریبی رابطہ رکھیں تاکہ برآمد کنندگان کوفاسٹ ٹریک ری فنڈ سسٹم کے علاوہ علاقائی ملکوں سے ہم آہنگ نرخوں پر بجلی اور گیس مہیا کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں ایس ایم ای سیکٹر کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اس لئے برآمدی پالیسی میں بھی ایس ایم ای سیکٹر کے دائرہ کار کو بڑھایا جا ئے گا۔ فیصل آباد کے انڈسٹریل سٹی میں سپیشل اکنامک زون کے حوالے سے بھی اُنہوں نے تمام متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ فیصل آباد میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ماڈل پر یہاں بین الاقوامی ائیر پورٹ، ہوٹل، تھیم پارک اور غیر ملکیوں کے علاج کیلئے بین الاقوامی معیار کے ہسپتال کے منصوبوں پر بھی فوری فیصلہ سازی کریں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک غیر ملکی فرم بین الاقوامی معیار کا ہوٹل قائم کرنا چاہتی ہے جس کو ضروری راہنمائی اور سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔ جڑانوالہ کو الگ ضلع بنانے کے بارے میں فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی کے تحفظات پر انہوں نے کہا کہ آپ مقامی اراکین اسمبلی سے مل کر فیصلہ کرلیں تاکہ اس پر عمل درآمد کیا جا سکے۔ انہوں نے پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک ایم فور موٹر وے کو چھ رویہ کرنے کا بھی یقین دلایا
اور کہا کہ فیصل آباد کے دیگر مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے زیر اہتمام ہونے والی مجوزہ پاکستان اکنامک کانفرنس کے فیصلے کو بھی سراہا اور کہا کہ اس کی کامیابی کیلئے تمام متعلقہ وزارتوں کو ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس کانفرنس کے
اختتامی سیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی بھی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے وزیر اعظم کے صحت کارڈ کے منصوبے کو سراہا اور کہا کہ اس کی طرز پر تعلیم کارڈ کی سکیم بھی متعارف کرائی جائے تاکہ نہ صرف شرح خواندگی کو بڑھایا جا سکے بلکہ غریب بچوں کیلئے تعلیم کے دروازے بھی کھولے جا سکیں۔ انہوں نے کرونا کے دوران سمارٹ لاک ڈاؤن کی
پالیسی کو بھی پاکستان کی معیشت کیلئے گیم چینجر قرار دیا اور کہا کہ اس کی وجہ سے جہاں پاکستان بے روزگاری کے عذاب سے بچ گیا وہاں ہماری برآمدات میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اعداد وشمار کے مطابق معیشت میں 5.37فیصد کا اضافہ بہت بڑی کامیابی ہے تاہم اس کوپائیدار بنیادوں پر جاری رکھنے کیلئے مزید اقدامات نا گزیر ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وفاقی وزراء اسد عمر، میاں فرخ حبیب اور صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کے علاوہ دیگرارکان اسمبلی بھی موجود تھے۔