کراچی (مانیٹرنگ، این این آئی) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شاہد آفریدی کا متبادل کھلاڑی اسکواڈ میں شامل کرنے کی درخواست کر دی، شاہد آفریدی اس وقت قرنطینہ میں ہیں
ان کا کورونا ٹیسٹ بھی منفی آ گیا ہے لیکن وہ قرنطینہ کی مدت پوری ہونے پر ٹیم کو جوائن کریں گے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شاہد آفریدی کے متبادل کے طور پر حسان خان کو اسکواڈ میں شامل کرنے کی درخواست کی ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے منیجر اعظم خان کا کہنا ہے کہ متبادل کھلاڑی حسان خان کو ٹیم میں شامل کرنے کی درخواست ٹیکنیکل کمیٹی کو بھیج دی ہے۔ دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور سر ویوین رچرڈز کراچی پہنچ گئے، وہ تین روز آئسو لیشن مکمل کرنے کے بعد اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔اس موقع پر سر ویوین رچرڈز نے کہا کہ دوبارہ پاکستان آ کر بہت خوش ہوں۔انہوں نے کہا کہ ٹیم نے ایونٹ میں اچھا آغاز کیا ہے، جیت ہمیشہ اہم ہوتی ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شاندار پرفارمنس کی بدولت کراچی کنگز کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔پی ایس ایل سیزن سیون میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک میچ میں شکست کا سامنا بھی کرنا پڑا۔