لاہور( این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں چار روپے سے زائد اضافے کے بعد اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تین روپے سے زائد کا اضافہ عوام کا معاشی قتل اورعوام کی جیب پر ڈاکہ ہے،حکمرانوں کو علم ہونا چاہیے کہ
بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات براہ راست عوام پر پڑیں گے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ عمران خان نے ملک آئی ایم ایف کو گروی رکھ دیا ہے، پاکستان کے فیصلے بیرون ملک میں ہورہے ہیں، پیٹرول مہنگا، بجلی مہنگی، گیس مہنگی، عوام کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے،پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ عوام کو اسی مہنگائی اور معاشی بحران سے نجات دلانے کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ چاہیے تو عمران خان کی حکومت سے نجات ضروری ہے، عمران خان کی حکومت 27 فروری سے پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا خمیازہ عوام کی جانب سے بھگتے گی، بس اب بہت ہوگیا، عوام 27 فروری کو اسلام آباد کے لئے نکلیں گے اور مہنگائی کے ذمہ دار عمران خان سے حساب لیں گے۔