لاہور (آن لائن)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ سیدناصدیق اکبرؓ کی سیرت وکردار انسانیت کیلئے مینارہ نور ہے۔خلیفہ رسول ابوبکرؓکی صحابیت اورشرف کی گواہی قرآن کریم نے دی ۔سیدناصدیق اکبر ؓ کا نام عبداللہ ،ابوبکر آپ کی کنیت ،صدیق اورعتیق لقب تھے۔ آپؓزیادہ تر اپنی کنیت اورلقب صدیق سے مشہور ہوئے۔ایمان کی دولت سے سر فراز ہونے
کے بعداپنامال ودولت ،اسلام کی اشاعت اور مظلوم مسلمان غلاموں کو آزاد کرانے میں خرچ کرتے رہے۔ہجرتِ مدینہ کے سفر میں صدیق اکبر ؓ ہی حضور کریم ؐکے رفیق سفر تھے ، دورانِ سفر کئی بار ایسے جذبہ محبت والفت کے مظاہر سامنے آئے کہ جن کی مثال مشکل ہے۔حضرت ابوبکر ؓکی صحابیت اورشرف کی گواہی قرآن کریم نے دی۔قبول اسلام سے پہلے بھی سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ بہت عمدہ تعلقات تھے اور قبول اسلام کے بعد تو ساری زندگی آپ سے لمحہ بھر کے لیے جدا نہ ہوئے۔ یہاں تک کہ آج تک روضہ مبارکہ میں آپ کے پہلو میں ساتھ نبھا رہے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ زمانہ جاہلیت میںکبھی شراب نہ پی اور بچپن ہی سے بت پرستی سے دور رہے۔حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کو یہ سعادت حاصل ہے کہ وہ اپنے گرد پھیلی ہوئی گمراہیوں، غلط رسوم و رواج، اخلاقی و معاشرتی برائیوں سے پاک صاف ہونے کے ساتھ ساتھ اوصاف حمیدہ سے بھی متصف تھے۔ آپ کے اعلیٰ محاسن و کمالات اور خوبیوں کی بنا پر مکہ مکرمہ اور اس کے قرب و جوار میں آپ رضی اللہ عنہ کو محبت و عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔