اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹوزر داری نے کہا ہے کہ حکومت نے بہت ساری اشیائے ضروریات کی چیزوں پر ٹیکس لگا کر مہنگائی کا طوفان لانے کی تیاری کر لی ہے،کراچی کے عوام وزیر خزانہ کے گھر کا پتہ جانتے ہیں ،مہنگائی کے خلاف
احتجاج کرتے ہوئے ان کے گھر کا رخ کریں گے۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایک جانب وزیر خزانہ کہتے ہیں کہ گرتی معیشت کے ذمہ دار سابقہ حکومتیں ہیں اور دوسری جانب وہ سابقہ حکومت کے وزیر خزانہ تھے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میری جانب سے پیش کی گئی ترمیم اس لئے طویل تھی کہ حکومت نے بہت ساری اشیائے ضروریات کی چیزوں پر ٹیکس لگا کر مہنگائی کا طوفان لانے کی تیاری کر لی ہے۔ وزیر خزانہ نے یہ بھی کہا کہ وہ کچھ اشیاء پر ٹیکس واپس لے رہے ہیں جیسا کہ ڈبل روٹی، لیپ ٹاپ اور بچوں کا دودھ وغیرہ۔ یہ ترامیم بلاول بھٹو زرداری، شازیہ مری اور راجہ پرویز اشرف کی طرف سے پیش کی گئی تھی تاہم وزیر خزانہ نے یہ نہیں کہا کہ یہ ترامیم پاکستان پیپلزپارٹی کے قانون سازوں کی جانب سے پیش کی گئی تھی۔ چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ کراچی کے عوام وزیر خزانہ کے گھر کا پتہ جانتے ہیں اور وہ مہنگائی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ان کے گھر کا رخ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ کراچی کے عوام کی ترجمانی کرتی ہیں کہ انہیں بھی چاہیے کہ یہ منی بجٹ مسترد کر دیں، عوام کی طرف آجائیں اور ہمارے ساتھ مل کر کام کریں۔