دبئی(این این آئی)دبئی کی بندرگاہ پر آبی ممالیہ جانور وہیل کو دیکھا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر اس نایاب زائرکی تصویراورویڈیو شیئرکی ۔شیخ حمدان جانوروں کے بارے میں اپنی انسیت اورعلم کے باعث جانے جاتے ہیں۔ان کا خیال ہے کہ یہ مخلوق برائیڈ کی وہیل تھی۔انھوں نے لکھا کہ یہ
فی الواقع دیکھنے کی ایک نایاب اور خوب صورت مخلوق ہے۔وہیل متحدہ عرب امارات میں شاذو نادرہی دیکھی جاتی ہیں۔ ابوظبی حکام نے گذشتہ سال اکتوبراور دسمبر میں اپنی ساحلی حدود میں وہیل دیکھنے کی اطلاع دی تھی۔تب ابوظبی کی ماحولیات ایجنسی (ای اے ڈی)نے کہا تھا کہ وہیلوں کی موجودگی ملک کے پانیوں کی صحت اورمعیارکی نشان دہی کرتی ہے۔