ایبٹ آباد (این این آئی)ایبٹ آباد کے سیاحتی مقام نتھیاگلی میں مسلسل بارش اور شدید برف باری سے لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا، سیاحوں کی سہولت اور بہتری کیلئے باڑیاں اور ہرنو کے مقامات پر ایبٹ آباد پولیس نے ناکہ بندیاں کر کے گلیات میں سیاحوں کے داخلہ پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے اور
ہدایت کی کہ مقامی افراد بھی غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، گلیات میں سیاح از حد احتیاط کو مدنظر رکھ کر واپسی کا سفر اختیار کریں۔ ترجمان ایبٹ آباد پولیس نے کہا کہ سیاحوں کو برف اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر مشکلات درپیش آ سکتی ہیں، موجودہ حالات بے حد محتاط ڈرائیونگ کے متقاضی ہیں، ایبٹ آباد پولیس آپ کی حفاظت اور سہولت کیلئے تمام وسال بروئے کار لاتے ہوئے 24 گھنٹے مصروف عمل ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ گذشتہ رات ضلع ایبٹ آباد کی حدود سے چھ فیملیوں کو ریسکیو کرتے ہوئے مقامی ہوٹلوں تک پہنچایا گیا، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پولیس کنٹرول نمبر 0992-9310033 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ ضلعی پولیس سربراہ ظہور بابر آفریدی نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ موجودہ شدید موسمی حالات کے پیش نظر گلیات اور ٹھنڈیانی کے علاقوں میں سفر سے گریز کریں۔