کراچی(این این آئی)ایران سے آنیوالا بارش برسانے والا سسٹم کراچی سے نکل گیا ، جس کے بعد شہر بارش کا کوئی امکان نہیں تاہم سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیاہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہونے والی بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ، محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ایران سے آنیوالابارش برسانے والا سسٹم کراچی سے نکل گیا ہے ، شہر میں تیز بارش کا کوئی امکان نہیں لیکن
ہلکی بوندا باندی ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں جمعہ کودرجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیاگیاجبکہ18 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چل رہی تھیںاور ہوا میں نمی کا تناسب 59 فیصدتھا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ایک دو روز بعد رات کادرجہ حرارت 8 ڈگری تک گرجائیگا جبکہ بارش کا آئندہ نظام 18 یا 19 جنوری سے کراچی میں برسے گا۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارش کے اعداد و شمارجاری کردیئے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش کراچی کے علاقے سرجانی ٹائون میں 28 اعشاریہ 2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ نارتھ کراچی میں 18، گلشنِ معمار میں 16 اعشاریہ 9، اورنگی ٹاون میں 16 اعشاریہ 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔پی اے ایف مسرور بیس پر 15، ناظم آباد میں 13 اعشاریہ 8، یونیورسٹی روڈ پر 13 اعشاریہ 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔پی اے ایف فیصل بیس پر 12، گلشنِ حدید میں 9، کیماڑی میں 8 اعشاریہ 7، سعدی ٹاون میں 8 اعشاریہ 5، اولڈ ایئر پورٹ اور جناح ٹرمینل پر 7 اعشاریہ 8 اور قائد آباد میں 7 اعشاریہ 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ شہر میں سب سے کم بارش ڈی ایچ اے میں 5 اعشاریہ 8 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔