اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس منگل کو طلب کرلیا ہے۔اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت منگل کو ہونے والے اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔وفاقی کابینہ اجلاس کا 7 نکاتی ایجنڈا سامنے آگیا ہے،
جس کے مطابق اس موقع پر منی بجٹ کی منظوری سے متعلق بھی تبادلہ خیال ہوگا۔کابینہ اجلاس میں فنانس ترمیمی بل کے ساتھ ہنگامی مالی ادائیگیوں کی اشاعت کی منظوری دی جائے گی۔اجلاس کے ایجنڈے میں قائد اعظم یونیورسٹی میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف انٹیلی جنس اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز کا قیام بھی شامل ہے۔اس موقع پر ملزم عبدالقادر احسن کی پاکستان سے برطانیہ حوالگی کی منظوری بھی دی جائے گی۔کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ کی 2 سال کی تعیناتی اور پاکستان تمباکو بورڈ کی تشکیل نو کے نوٹیفکیشن کی منظوری دی جائے گی۔اجلاس کے ایجنڈے میں ادارہ شماریات میں ممبر اقتصادی اعداد و شمار، ممبر ریسورس مینجمنٹ اور ممبر سپورٹ سروسز کی تعیناتی بھی شامل ہے۔کابینہ اجلاس میں سی پیک اتھارٹی، وزارت ماحولیات چین کیدرمیان مفاہمت کی یادداشت کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔