اسلام آباد(آن لائن)سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پاک سعودی برادرانہ تعلقات عوام کی سطح پر ہیں۔ ہمارے دور حکومت میں تعلقات کو تمام شعبوں تک نہ صرف وسعت دی گئی بلکہ سٹریٹیجک تعاون میں تبدیل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابقسابق وزیراعظم نوازشریف سے
سابق سعودی سفیر علی عواد العیسری نے ملاقات کی ہے ، ملاقات کے دوران پاکستان میں سابق سعودی سفیر نے پاکستان کی سیاسی،داخلی اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بھی بات چیت سمیت دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا ۔ سابق سعودی سفیر نے نواز شریف سے ان کی صحت بارے دریافت کیا جبکہ نوازشریف نے موجود ہ حکومت بارے اپنے موقف سے بھی آگاہ کیا ۔ نوازشریف نے سعودی عرب سے پاکستان کے تعلقات کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک سعودی برادرانہ تعلقات عوام کی سطح پر ہیں اور ان کے دور حکومت میں ان تعلقات کو تمام شعبوں تک نہ صرف وسعت دی گئی بلکہ سٹریٹیجک تعاون میں تبدیل کیا گیا نوازشریف نے موجود ہ معاشی صورتحال میں سعودی عرب کی مالی مدد اور تعاون کو سراہا ۔ذرائع کا بتانا ہے کہ نوازشریف کے لندن میں قیام کی مدت ختم ہونے کے تناظر میں اس ملاقات کو اہم قرار دیا جارہا ہے اس سے قبل نوازشریف سے پاکستان سے آنے والی بعض صنعتی اور کاروباری شخصیات کی بھی ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ سابق سفیر علی عواد العیسری ان دنوں عالمی امور بارے حکومت کے مشیر ہیں۔