اسلام آباد (این این آئی)پاکستان کے تین بڑے شہروں اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں کورونا کی جنوبی افریقی قسم اومی کرون کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ۔این سی او سی کے مطابق کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں کورونا کی جنوبی افریقی قسم کے کیسز میں تیزی سے
اضافہ ہونے لگا ،سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں اب تک اومی کرون کے 64 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ پنجاب میں اومی کرون کے 50 کیسز میں سے 49 کا تعلق لاہور سے ہے۔کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 7 میں اومی کرون کے 11 کیسز سامنے آنے پر 14 جنوری تک مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔دوسری جانب سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا کی نئی لہر کے آغاز کے واضح ثبوت سامنے آنے لگے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں ملک میں امیکرون کے بڑھتے کیسز پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا کہ ملک میں کورونا کی نئی لہر کے آغاز کے واضح ثبوت سامنے آنے لگے ہیں، نئی لہر گزشتہ چند ہفتوں سے متوقع تھی۔سربراہ این سی او سی نے کہا کہ خاص طور پرکراچی میں اومیکرون ویرینٹ کے کیسز بڑھ رہے ہیں، یاد رکھیں کورونا کی نئی لہر سے بچنے کا بہترین حل ماسک پہننا ہے۔