لاڑکانہ(آن لائن ) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عقل ہو تو پاکستان کے لوگوں کے نصیب بدلے جاسکتے ہیں، پاکستان بہت امیر ملک ہے۔ بلاول سب غریبوں کی تقدیر بدلے گا۔اللہ ہمیں غریبوں کی خدمت کرتے ہوئے اٹھائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز گڑھی خدا بخش میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی پر منعقدہ تعزیتی
جلسے سے مختصر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔آصف زرداری نے کہا کہ گڑھی خدا بخش میں کارکنوں کودیکھ کربہت خوشی ہوتی ہے، خدمت ہمارا منشورہے، بی بی سے کیا جانے والا وعدہ آہستہ آہستہ پورا کررہا ہوں، وقت آنے والا ہے پیپلزپارٹی کی حکومت دوبارہ آئے گی ۔ ملک کی تقدیر بلاول بھٹو تبدیل کرسکتے ہیں، بی بی سے کیے گئے وعدے آہستہ آہستہ پورے کررہا ہوں، وہ وقت دور نہیں جب آپ لوگوں کی تقدیر بدلے گی کیونکہ پاکستان کے عوام کا یہ نصیب نہیں کہ وہ ہمیشہ غریب رہیں۔ سابق صدر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر اب تک عوامی خدمت کی سیاست کی، ہمارا منشور، سوچ اورآخرت عوام کی خدمت ہی ہے، ہم ہمیشہ دعا کرتے ہیں اللہ ہمیں غریبوں کی خدمت کرتے کرتے اٹھائے ۔آ صف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک امیر ملک ہے، یہاں بس سوچ کی کمی ہے، جو یہ کہتے ہیں اْس پر بھی سوچ بچار بھی نہیں کرتے، اور نہ ہی اْسے تسلیم کرتے ہیں۔عقل ہو تو پاکستان کے لوگوں کے نصیب بدلے جاسکتے ہیں ۔ سابق صدر نے کہا کہ آ پ (پیپلز پارٹی) کی حکومت دوبارہ آئے گی، پھر پاکستان کے غریبوں کی تقدیر اور دن بدل جائیں گے۔