کراچی(نیوزڈیسک) سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم پر حملہ کیس میں پولیس کو ملزم کا سراغ نہیں مل سکا ہے، وسیم اکرم کی جانب سے دیا گیا کار کا نمبر بھی غلط نکلا ۔ حملہ آور سفید رنگ کی کار میں تھا لیکن جس کار کا نمبر پولیس کو دیا گیا وہ سرخ رنگ کی نکلی ۔سابق کرکٹر وسیم اکرم پر حملہ کیس میں کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔ پولیس نے وسیم اکرم کی جانب سے دیئے گئے کار کے نمبر کی مدد سے گاڑی تلاش کی تو پتا چلا کہ کار تو ایک سال سے گھر میں ہی کھڑی ہے اور کار کا مالک عزیر احمد ملک سے باہر ہے ۔جس کے بعد پولیس نے گزشتہ روز گرفتار کیے گئے افراد کو رہا کردیا۔وسیم اکرم پر فائرنگ کرنے والے حملہ آور کی کار کا رنگ سفید تھا لیکن جو کار پولیس نے ڈھونڈی اس کا رنگ سرخ ہے ۔پولیس نے تفتیش کے بعد وسیم اکرم کی جانب سے دیئے گئے کار کے نمبر کو غلط قرار دے دیا ۔ پولیس کی جانب سے سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی بغورجائزہ لیا گیا لیکن فوٹیج میں کار کا نمبر واضح طور سے نظر نہیں آ رہا۔