لاہور(این این آئی )کرنل (ر) شجاع خانزادہ کی داخلہ کی وزارت خطرے میں پڑ گئی ؟وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے اجلاس میں ” ہُواز ہوم منسٹر “ ،کرنل صاحب بیٹھ جائیں کے ریمارکس کے بعدحکومتی اور سیاسی حلقوںمیں چہ مگوئیاں ہونے لگیں۔ ذرائع کے مطابق صوبہ میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ ایک اجلاس کے دوران اس وقت شرکاءاجلاس حیران رہ گئے جب پنجاب کے چند متحرک وزراءمیں سے ایک کرنل(ر) شجاع خانزادہ نے اپنا تعارف صوبائی وزیر داخلہ کے طور پر کراتے ہوئے امن و امان کی صورتحال پر بات کرنا چاہی تو وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے انہیں فوری ٹوک دیا اور انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا۔” ہُو از ہوم منسٹر “،کرنل صاحب بیٹھ جائیں۔ جس کے بعد کرنل (ر) شجاع خانزادہ اپنی نشست پر بیٹھ گئے اور اس صورتحال پر پریشان دکھائی دئیے۔اس واقعے کے بعد حکومتی اور سیاسی حلقوں میں وزارت داخلہ کے قلمدان کی تبدیلی کی چہ مگوئیاں شروع ہو گئی ہیں۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ماضی میں بھی وزارت داخلہ کا قلمدان وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ہی پاس تھا لیکن پہلی مرتبہ (ن) لیگ کی حکومت میں یہ قلمدان کسی رکن اسمبلی کو سونپا گیا ہے ۔اس سلسلہ میںجب کرنل (ر) شجاع خانزادہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوںنے اپنے موقف میں کہا کہ اس واقعہ میں کوئی سچائی نہیں، میرے پاس اضافی وزارت داخلہ کے مکمل اختیارات ہیں۔