انقرہ(این این آئی)ڈالر کے مقابلے میں لیرا کی قدر میں بے انتہا کمی کے بعد ترک صدر طیب اردوان کی جانب سے ملکی ڈپازٹ کے تحفظ کے لیے نئے معاشی اقدامات کے اعلان کے نتیجے میں لیرا کی قدر میں ڈرامائی طور پر اضافہ ہوا ہے۔غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترک صدر کی جانب سے اعلانات کے بعد لیرا کی قدر میں 30فیصد تک اضافہ ہوا جس پر معاشی ماہرین بھی حیران نظر آتے ہیں۔ترک رہنما نے بینکوں میں لیرا کے کچھ
ذخائر کی قدر کا ڈالر کے ساتھ موازنہ کر کے مارکیٹوں اور اپنے سیاسی مخالفین کو دنگ کر دیا۔ماہرین اقتصادیات اور بہت سے ترک ابھی تک یہ سمجھنے کی کوشش کر رہے تھے کہ زرمبادلہ کا یہ نیا طریقہ کار کیسے کام کرے گا یا حکومت کو اس کی ادائیگی کے لیے رقم کہاں سے ملے گی۔لیکن اس کے لیرا کی قدر پر گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں جو یکم نومبر سے پیر کی سہ پہر تک ڈالر کے مقابلے میں 45 فیصد گنوا چکا تھا۔